محسن علی نجفی،(1943-2024ء) پاکستان کے شیعہ عالم دین، مفسر، مؤلف اور مترجم قرآن ہیں۔ آپ نے پاکستان میں مدارس اہل البیتؑ، جامعۃ الکوثر، اسوہ سکول اینڈ کالج سسٹم اور مختلف فلاحی ادارے قائم کیے۔ آپ اردو اور عربی زبان میں بعض تالیفات کے مالک ہیں اور الکوثر فی تفسیر القرآن آپ کی اہم تالیفات میں سے ایک ہے۔ نجفی پاکستان میں آیت اللہ سیستانی کے نمائندے اور پاکستان میں مجمع جہانی اہل بیت کی شورائے عالی کے سربراہ بھی تھے۔ محسن نجفی نے ابتدائی تعلیم اپنے گاؤں سے شروع کی اور وہاں سے جامعۃ المنتظر لاہور چلے گئے اور سید صفدرحسین نجفی اور حسین بخش جاڑا جیسے اساتذہ سے کسب فیض کیا۔ سنہ 1966ء میں اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے نجف اشرف چلے گئے جہاں آیت الله خوئی اور شہید باقر الصدر کی شاگردی اختیار کی۔ سنہ 1972ء کو آپ نجف سے پاکستان واپس آکر اسلام آباد میں سکونت اختیار کی۔ محسن علی نجفی نے پاکستان میں دینی، تعلیمی، ثقافتی اور فلاحی میدانوں میں عظیم فعالیتیں انجام دیں اور ایک عرصہ علیل رہنے کے بعد 9 جنوری سنہ 2024ء کو وفات پاگئے۔